پارٹی چھوڑی تو پرویز خٹک جیسا حشر ہوگا! ناراض ارکان کو بڑی دھمکی

پشاور: خیبر پختونخوا حکومت کے مشیر اطلاعات شفیع جان نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو تمام اراکینِ صوبائی اسمبلی کا مکمل اعتماد حاصل ہے اور ان کی نامزدگی بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کی تھی۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شفیع جان نے کہا کہ فارورڈ بلاک کی باتیں محض قیاس آرائیاں ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ 27 ناراض اراکین کے دعوے کیے جا رہے ہیں، تاہم کسی کے پاس دو ایسے نام بھی نہیں جو اس دعوے کی تصدیق کرتے ہوں۔

انہوں نے کہا کہ جو بھی بانی پی ٹی آئی کی پالیسی اور موقف سے ہٹنے کی کوشش کرے گا، اس کی سیاسی حیثیت ختم ہو جائے گی۔ انہوں نے سابق وزرائے اعلیٰ محمود خان اور پرویز خٹک کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی سے علیحدگی اختیار کرنے والوں کا سیاسی مستقبل متاثر ہوا۔

شفیع جان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو تمام ایم پی ایز کی حمایت حاصل ہے اور پارلیمانی پارٹی کا اجلاس شروع ہو چکا ہے، جس کے بعد تمام افواہیں اور قیاس آرائیاں دم توڑ جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ اگر واقعی کوئی فارورڈ بلاک موجود ہے تو اس کے اراکین سامنے آئیں۔ بعض لوگ 20 اور بعض 50 اراکین کی بات کر رہے ہیں، لیکن کوئی ایک مستند نام بھی پیش نہیں کر سکا۔

مشیر اطلاعات نے کہا کہ جس کسی نے بھی ووٹ حاصل کیا ہے، وہ بانی پی ٹی آئی کے نام اور جماعت کے پلیٹ فارم پر حاصل کیا ہے، کسی کے پاس ذاتی ووٹ بینک نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی کو اپنی سیاسی مقبولیت پر اعتماد ہے تو وہ آزاد حیثیت میں الیکشن لڑ کر دیکھ لے۔

انہوں نے واضح کیا کہ پارٹی میں کسی قسم کا فارورڈ بلاک موجود نہیں اور تمام اراکین وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی قیادت میں متحد ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close