پی ٹی آئی اب سیاست نہیں، ٹک ٹاک تحریک چلا رہی ہے، طلال چوہدری کا بڑا دعویٰ

اسلام آباد: وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اب سیاست کے بجائے ٹک ٹاک کی حد تک تحریک چلا رہی ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے کبھی اسمبلیوں سے استعفے کی بات کی، کبھی سول نافرمانی کی اور کبھی آئی ایم ایف کو خط لکھا، لیکن اب صورتحال ملاقاتوں تک آ گئی ہے۔

طلال چوہدری نے کہا کہ یہ لوگ گھر سے نکلتے ہی ٹک ٹاک کے لیے سرگرم ہو جاتے ہیں، جبکہ پولیس افسر سے بدتمیزی کے واقعے میں سہیل آفریدی خود بے نقاب ہوئے ہیں۔ ان کے مطابق پی ٹی آئی کارکردگی کے سوالات سے بچنے کے لیے ہمدردی کا کارڈ استعمال کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے گزشتہ 15 سال میں اپنی صوبائی حکومت کی کارکردگی بہتر بنانے پر توجہ نہیں دی بلکہ عوامی مسائل سے توجہ ہٹانے کی کوشش کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ لوگ ڈیل پیکج کے لیے حکومت کے پاس آتے ہیں۔

وزیر مملکت نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا رویہ غیر سیاسی ہے اور وہ خود اپنی سیاست کا شکار ہو چکے ہیں۔ ان کے مطابق پی ٹی آئی کی موجودہ احتجاجی تحریک مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔

طلال چوہدری نے مزید کہا کہ حکومت نے پی ٹی آئی کو کسی قسم کی ڈیل کی پیشکش نہیں کی اور نہ ہی کسی خاص فرد کے ساتھ مذاکرات کیے جائیں گے۔

انہوں نے ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات میں پاکستان کے کردار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ثالثی ایک ذمہ دارانہ اور باعزت اقدام ہے، اور امید ہے کہ اس بار مثبت پیش رفت ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی مشترکہ قیادت نے پاکستان کے وقار میں اضافہ کیا ہے۔

آخر میں انہوں نے بتایا کہ ون آئین ایونیو سے متعلق قائم کمیٹی کا کام مکمل ہو چکا ہے اور جلد اس کی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کی جائے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close