7 سال قبل کاغذات میں فوت ہونے والا شخص اچانک زندہ نکل آیا

سیالکوٹ (آئی این پی): سیالکوٹ میں ایک حیران کن واقعہ سامنے آیا ہے جہاں سات سال قبل سرکاری ریکارڈ میں مردہ قرار دیا جانے والا شخص زندہ سلامت سامنے آگیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق لے پالک بیٹے نے مبینہ طور پر جائیداد ہتھیانے کے لیے جعل سازی کرتے ہوئے نادرا اور دیگر متعلقہ اداروں سے جعلی ڈیتھ سرٹیفکیٹ بنوا لیا، جس کی بنیاد پر متاثرہ شخص نبی احمد کی تمام جائیداد اپنے نام منتقل کروا لی گئی۔

متاثرہ نبی احمد تمام شواہد اور دستاویزات لے کر اسسٹنٹ کمشنر کے دفتر پہنچے اور اپنی داستان سنائی۔ اسسٹنٹ کمشنر نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے جائیداد فوری طور پر اصل مالک نبی احمد کے نام دوبارہ منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔

واقعے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے، جس میں متاثرہ شخص کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ “میرا جنازہ بھی ہوا، قبر بھی بنی اور جعلی ڈیتھ سرٹیفکیٹ بھی بن گیا۔”

وائرل ویڈیو میں اسسٹنٹ کمشنر کو متعلقہ پٹواری کو فوری طور پر جائیداد واپس منتقل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

دوسری جانب، مبینہ جعل سازی میں ملوث محکمہ مال کے ملازمین کے خلاف تاحال کسی باقاعدہ قانونی کارروائی کا حکم سامنے نہیں آیا۔ متاثرہ نبی احمد کے 5 بیٹے اور 2 بیٹیاں ہیں، جبکہ تحصیل انتظامیہ کی جانب سے اس معاملے پر تاحال کوئی باضابطہ موقف جاری نہیں کیا گیا۔

close