لاہور: مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے تیار کی گئی ایک جعلی ویڈیو میں پاکستان کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر کے نام سے یہ جھوٹا دعویٰ کیا گیا کہ قومی کرکٹ ٹیم کے لیجنڈ وسیم اکرم دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے ہیں، جس کے بعد سوشل میڈیا پر مداحوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔
وائرل ویڈیو میں شعیب اختر کی مصنوعی آواز اور چہرے کا استعمال کرتے ہوئے وسیم اکرم کی اچانک موت کی جھوٹی خبر نشر کی گئی، جسے متعدد صارفین نے حقیقت سمجھ لیا۔
اس افواہ پر وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم نے فوری ردعمل دیتے ہوئے سوشل میڈیا پر ایک تازہ ویڈیو شیئر کی، جس میں وسیم اکرم جم میں ورزش کرتے ہوئے نظر آئے۔ شنیرا اکرم نے واضح کیا کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی جعلی خبروں اور اے آئی ویڈیوز کے برعکس وسیم اکرم خیریت سے ہیں اور مکمل طور پر صحت مند ہیں۔
شنیرا اکرم کی وضاحت کے بعد وسیم اکرم کی وفات سے متعلق تمام افواہیں دم توڑ گئیں، تاہم اس واقعے نے مصنوعی ذہانت کے غلط استعمال اور ڈیپ فیک ویڈیوز کے بڑھتے رجحان پر نئی بحث چھیڑ دی۔
سوشل میڈیا صارفین نے جعلی ویڈیو بنانے والوں کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ محض توجہ حاصل کرنے یا ویوز بڑھانے کے لیے اس نوعیت کی جھوٹی اور سنسنی خیز خبریں پھیلانا غیر ذمہ دارانہ عمل ہے، کیونکہ ایسی ڈیپ فیک ویڈیوز نہ صرف عوام کو گمراہ کرتی ہیں بلکہ معروف شخصیات کے اہلِ خانہ، دوستوں اور مداحوں میں بھی بلاوجہ خوف اور پریشانی پیدا کرتی ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






