کراچی کے چڑیا گھر سے ٹائیگر اور تیندوے کے بچے چوری ہو گئے

کراچی (آئی این پی) کراچی میں سپر ہائی وے پر واقع نجی چڑیا گھر سے ٹائیگر اور تیندوے کے بچے چوری ہو گئے۔ گڈاپ پولیس نے بچے چوری ہونے کے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا ، ڈی ایس پی گڈاپ کنور آصف نے کہا کہ گڈاپ سٹی تھانے میں چڑیا گھر کے جانوروں کے ڈاکٹر شاہد جلیل نے اس حوالے سے ایف آئی آر نمبر 19/22 زیرِ دفعہ 408 درج کرائی ہے۔

پولیس کے مطابق ایف آئی آر میں مدعی نے کہا کہ 6 جنوری کی صبح ڈیوٹی پر پہنچ کر انہوں نے چڑیا گھر کو چیک کیا تو پنجرے سے تیندوے کا ایک ماہ کا بچہ اور دوسرے پنجرے سے ٹائیگر کا 8 ماہ کا بچہ غائب تھا۔ایف آئی آر میں مدعی نے کہا کہ پرانے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج چیک کی تو نائٹ سپروائزر ساجد علی جس کی ڈیوٹی رات 12 بجے سے صبح 9 بجے تک ہوتی تھی وہ رات 3 بجے سے غائب تھا۔مدعی مقدمہ ڈاکٹر شاہد جلیل نے ایف آئی آر میں الزام عائد کیا ہے کہ دونوں بچے نائٹ سپروائزر ساجد علی نے ہی چوری کیے ہیں۔

پولیس نے مقدمہ درج کر کے شعبہ تفتیش کو منتقل کر دیا ہے جبکہ پولیس کی جانب سے ٹائیگر اور تیندوے کے بچوں کو بازیاب کرانے اور ملزم کی گرفتاری کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔۔۔۔۔

close