خبردار!!! یہ 9 ادویات ہرگز نہ خریدیں ! جعلی و غیر قانونی، ہنگامی الرٹ جاری

ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی (ڈریپ) نے ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری کراچی کی درخواست پر ریپڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے کینسر کی 9 جعلی اور غیر قانونی ادویات کی فروخت اور استعمال پر پابندی عائد کر دی ہے۔

ڈریپ کے مطابق ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری کراچی نے ادویات کے نمونوں کو جعلی اور غیر قانونی قرار دیا، کیونکہ ان میں استعمال ہونے والے خام مال کی تصدیق نہیں ہو سکی۔ یہ ادویات مبینہ طور پر جرمنی، بنگلہ دیش اور بھارت کی مختلف کمپنیوں سے منسوب ہیں۔

اتھارٹی کا کہنا ہے کہ جگر، گردہ، پھیپھڑے، تھائیرائیڈ اور بریسٹ کینسر کے علاج میں استعمال ہونے والی ان ادویات کے نمونے جعلی اور غیر قانونی پائے گئے ہیں۔ انہیں ڈرگ ایکٹ 1976 کے سیکشن 3 کے تحت جعلی اور غیر قانونی قرار دیا گیا ہے۔

ڈریپ نے خبردار کیا ہے کہ ان ادویات کا معیار، افادیت اور حفاظت غیر واضح ہے، جبکہ ان کا استعمال مریضوں کی جان کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔ ریگولیٹری فورس اور صوبائی ڈرگ کنٹرول ڈائریکٹوریٹس کو نگرانی مزید سخت کرنے اور مارکیٹ سے ان ادویات کے متعلقہ بیچز فوری طور پر ضبط کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

مزید برآں، ڈسٹری بیوٹرز، میڈیکل اسٹورز اور دیگر متعلقہ افراد سے کہا گیا ہے کہ اگر ان کے علم میں ایسی جعلی یا غیر قانونی ادویات آئیں تو وہ فوری طور پر متعلقہ حکام کو اطلاع دیں۔