ایک اور بچہ ایچ آئی وی کا شکار، متاثرہ بچوں کی تعدادکتنی ہو گئی؟ نہایت پریشان کن خبر

کراچی میں ایچ آئی وی کے کیسز میں ایک بار پھر تشویشناک اضافہ سامنے آیا ہے، جہاں گولیمار کے علاقے سے تعلق رکھنے والے 9 سالہ بچے میں ایچ آئی وی کی تصدیق ہوئی ہے۔ اس نئے کیس کے بعد متاثرہ بچوں کی تعداد بڑھ کر 110 ہو گئی ہے۔

متاثرہ بچے کے والدین کے مطابق بچے کا ایچ آئی وی ٹیسٹ تین مختلف کٹس کے ذریعے کیا گیا، جن کی تمام رپورٹس مثبت آئیں۔ ان کا کہنا ہے کہ بچہ گزشتہ سال ولیکا اسپتال میں تقریباً 20 روز تک زیر علاج رہا تھا، تاہم اسپتال سے واپسی کے بعد اس کی طبیعت مسلسل خراب رہنے لگی۔ بعد ازاں مزید طبی معائنے کرائے گئے تو اس میں ایچ آئی وی کی تشخیص ہوئی۔

والدین نے الزام عائد کیا ہے کہ ان کا بچہ ولیکا اسپتال میں مبینہ طبی غفلت کے باعث اس موذی مرض کا شکار ہوا۔ تاہم اس الزام کی تاحال سرکاری سطح پر تصدیق نہیں ہو سکی اور نہ ہی متعلقہ اداروں یا اسپتال انتظامیہ کا باضابطہ مؤقف سامنے آیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق کراچی کی پٹھان کالونی میں اب تک 110 بچے ایچ آئی وی سے متاثر ہو چکے ہیں، جبکہ اس مرض کے باعث 9 بچوں کی اموات بھی رپورٹ کی جا چکی ہیں۔

ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ بچوں میں ایچ آئی وی کے بڑھتے ہوئے کیسز انتہائی تشویشناک ہیں اور اس معاملے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کی ضرورت ہے تاکہ مرض کے پھیلاؤ کی وجوہات کا تعین کیا جا سکے اور مزید بچوں کو اس بیماری سے محفوظ بنایا جا سکے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close