الشفاء ٹرسٹ آئی ہسپتال کا حویلی لکھا میں خدمات کا آغاز۔ باقاعدہ افتتاح میجر جنرل ریٹائرڈ رحمت خان صدر الشفا ٹرسٹ 4 مئی کو کریں گے

راولپنڈی، 28 اپریل 2026

الشفا ٹرسٹ کا حویلی لکھا،اوکاڑہ میں قائم ہونے والا نیا آئی ہسپتال میں باضابطہ افتتاح سے قبل ہی مریضوں کے لیے کھول دیا گیا ہےجس کے ذریعے جنوبی پنجاب کے پانچ اضلاع میں پہلی بار آنکھوں کے بین الاقوامی علاج کی سہولت مقامی سطح پر دستیاب ہو گئی ہے۔ دو ایکڑ عطیہ شدہ اراضی پر قائم اس ہسپتال سے حویلی لکھا، دیپالپور، پاکپتن، ساہیوال اور بہاولنگر کے مریض مستفید ہوں گےجہاں طویل عرصے سے آنکھوں کے معیاری علاج کی سہولیات کا فقدان رہا ہے۔ منصوبے کی مجموعی لاگت 162 ملین روپے ہے، جس میں 122 ملین روپے تعمیرات اور 40 ملین روپے طبی آلات پر خرچ کیے گئے۔

اس منصوبے کو ممکن بنانے میں مخیر حضرات کے تعاون نے کلیدی کردار ادا کیا۔ ہسپتال کو یومیہ 250 آؤٹ ڈور اور ان ڈور مریضوں کے علاج کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ جنوبی پنجاب میں 18 لاکھ سے زائد افراد بینائی سے محروم ہیں جن میں سے 85 فیصد کیسز قابلِ علاج تھے ۔ اندھے پن کے تقریباً نصف کیسز موتیے کی وجہ سے ہوتے ہیں جس کا علاج عام سرجری سے ممکن ہےمگر دیہی علاقوں میں تربیت یافتہ عملے اور جدید سہولیات کی کمی ہے۔پاکستان میں اندھے پن کی شرح 1990 میں 1.78 فیصد سے کم ہو کر تقریباً 0.5 فیصد رہ گئی ہے جس کی ایک وجہ موتیے کے آپریشنز اور بروقت تشخیص تک بہتر رسائی ہےتاہم بڑھتی لاگت اور محدود سہولیات اب بھی چیلنج ہیں۔

اوکاڑہ اور ساہیوال کے غریب عوام کے لیے یہ نیا ہسپتال لاہور یا ملتان جانے کی ضرورت ختم کرے گا جس سے وقت اور اخراجات میں کمی آئے گی۔الشفا ٹرسٹ راولپنڈی، سکھر، کوہاٹ، مظفرآباد، چکوال، گلگت اور حویلی لکھا میں مجموعی طور پر سات ہسپتال چلا رہا ہے جبکہ دور دراز علاقوں میں 15,000 سے زائد اسکریننگ اور سرجیکل کیمپ بھی منعقد کیے جا چکے ہیں۔

لاہور میں آٹھویں ہسپتال کی تعمیر بھی شروع ہو چکی ہے۔ادارے نے گزشتہ سال 550 سے زائد مفت آئی کیمپوں کے ذریعے 175,000 سے زیادہ اسکول کے بچوں کی اسکریننگ کی جبکہ آئندہ سال دو ملین سے زائد مریضوں تک رسائی اور 120,000 سرجریز کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جن میں تقریباً 80 سے 90 فیصد مریضوں کا علاج مفت کیا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close