ذہین طالبعلموں کیلئے بڑی خوشخبری ، اہم خبر آ گئی

متحدہ عرب امارات نے شاندار تعلیمی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے سیکنڈری اسکول کے طلبہ کے لیے 5 سالہ گولڈن ریذیڈنسی پرمٹ کا اعلان کردیا ہے۔ اس سہولت کے تحت اہل طلبہ اپنے اہل خانہ کے ہمراہ بغیر کسی مقامی اسپانسر کے متحدہ عرب امارات میں رہائش اختیار کرسکیں گے۔

متحدہ عرب امارات کی فیڈرل اتھارٹی برائے شناخت، شہریت، کسٹمز اور پورٹ سیکیورٹی کے مطابق گولڈن ریذیڈنسی حاصل کرنے والے طلبہ اور ان کے والدین و بہن بھائیوں کو امارات میں قیام کے ساتھ تعلیم، ملازمت اور سرمایہ کاری کے مواقع بھی دستیاب ہوں گے، جبکہ اس کے لیے کسی مقامی کفیل یا آجر کی ضرورت نہیں ہوگی۔

اس پروگرام کے لیے طلبہ کو مخصوص تعلیمی معیار پورا کرنا ہوگا۔ امیدوار کے پاس متحدہ عرب امارات کی وزارتِ تعلیم کا سفارشی خط ہونا ضروری ہے، جبکہ امتحانات میں کم از کم 95 فیصد یا اس سے زیادہ نمبر حاصل کرنا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔

درخواست کے لیے تعلیمی قابلیت کا سرٹیفکیٹ، حاصل کردہ 95 فیصد یا اس سے زائد نمبروں کا ثبوت اور متعلقہ تعلیمی ادارے کی جانب سے جاری کردہ تصدیقی و سفارشی دستاویزات بھی فراہم کرنا ہوں گی۔

گولڈن ریذیڈنسی پروگرام کا مقصد اعلیٰ صلاحیتوں اور غیر معمولی کارکردگی کے حامل افراد کو متحدہ عرب امارات کی جانب راغب کرنا ہے۔ پروگرام کے تحت مختلف شعبوں میں نمایاں صلاحیت رکھنے والے افراد کو طویل مدتی رہائش کی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔