قومی ویمنز ٹیم کی اسپنر نشرہ سندھو نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں پاکستان کے لیے نیا ریکارڈ قائم کردیا۔
دبئی میں جاری ویمنز ایشیا کپ کے دوران انڈونیشیا کے خلاف میچ میں نشرہ سندھو نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 7 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں۔ اس کارکردگی کے ساتھ وہ ویمنز اور مینز ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پاکستان کی جانب سے ایک اننگز میں 6 وکٹیں لینے والی پہلی کھلاڑی بن گئیں۔
اس سے قبل پاکستان کی جانب سے ویمنز ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں بہترین بولنگ کا ریکارڈ عمیمہ سہیل کے پاس تھا، جنہوں نے 13 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
پاکستان کے مینز اور ویمنز ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں مجموعی طور پر بہترین بولنگ کا ریکارڈ سفیان مقیم کے پاس تھا، جنہوں نے 3 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
واضح رہے کہ اسی ویمنز ایشیا کپ میں سری لنکا کی چماری اتاپتو نے انڈونیشیا کے خلاف 5 رنز دے کر 7 وکٹیں حاصل کی تھیں۔






