چین میں جاری مینز جونیئر ہاکی ایشیا کپ میں پاکستان نے ملائیشیا کو 2 کے مقابلے میں 5 گول سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
پول بی کے میچ میں ملائیشیا نے ابتدا میں برتری حاصل کی۔ نویں منٹ میں محمد صالحی نے گول کرکے اپنی ٹیم کو 0-1 کی برتری دلائی، جو پہلے ہاف کے اختتام تک برقرار رہی۔
پاکستان نے تیسرے کوارٹر میں شاندار کم بیک کرتے ہوئے مسلسل چار گول اسکور کیے۔ 32ویں منٹ میں ندیم خان نے گول کرکے مقابلہ 1-1 سے برابر کیا، جبکہ 36ویں منٹ میں عبداللہ سمیع رانا نے گول کرکے پاکستان کو 1-2 کی برتری دلادی۔
رانا ولید نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 39ویں اور 40ویں منٹ میں لگاتار دو گول اسکور کیے، جس سے پاکستان کی برتری مزید مستحکم ہوگئی۔ 41ویں منٹ میں علی حمزہ نے پانچواں گول کرکے اسکور 1-5 کردیا۔
ملائیشیا کی جانب سے 54ویں منٹ میں گناسیلن دھیرش نے دوسرا گول کیا، تاہم پاکستان نے میچ کے اختتام تک اپنی برتری برقرار رکھتے ہوئے 2-5 سے کامیابی حاصل کی۔
پاکستان جونیئر ٹیم کی جانب سے رانا ولید نے دو گول کیے، جبکہ علی حمزہ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ پاکستان ایونٹ میں اب تک ناقابل شکست ہے اور یہ اس کی تیسری فتح ہے۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے شاندار کامیابی پر جونیئر ٹیم اور مینجمنٹ کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ٹیم آئندہ میچز میں بھی کامیابی کا سلسلہ برقرار رکھے گی۔






