خواندگی صرف کتابیں پڑھنا نہیں بلکہ فن اور ہنر سیکھنا ہے، مریم نواز

لاہور (آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عالمی یوم خواندگی کے موقع پر تمام قابلِ قدر اساتذہ کرام کو سلام پیش کرتے ہوئے علم کی جستجو رکھنے والے نوجوانوں اور درس و تدریس کے لیے کام کرنے والے ہر فرد کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ جاننے اور سیکھنے کی لگن اور جستجو ہمارے عقائد کا حصہ ہے۔ جاننا اور سیکھنا ہر ذی شعور کا حق ہے، جسے ہر صورت پورا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہر شہری کی ترقی اور خوشحالی کے لیے خواندگی کے مواقع فراہم کرنا حکومت کا اولین فرض ہے۔ ’’افراد، کرہ ارض اور خوشحالی کے لیے خواندگی‘‘ کے زیرعنوان منایا جانے والا آج کا دن خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ خواندگی کے فروغ کا ہدف انفرادی، قومی اور عالمی ترجیح مقرر کیے بغیر حاصل نہیں کیا جاسکتا۔ پنجاب میں نوجوان نسل کی ڈیجیٹل خواندگی پر خصوصی توجہ دے کر دورِ حاضر کے تقاضے پورے کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سکول میل جیسے اختراعی پروگراموں کی وجہ سے پسماندہ علاقوں میں خواندگی کا شعور تیزی سے بڑھ رہا ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ خواندگی صرف کتاب پڑھنے کا نام نہیں بلکہ دورِ جدید کے تقاضوں کے مطابق ہنر اور فنی علوم سیکھنا بھی خواندگی میں شمار ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خواندگی کے فروغ کے اہداف پورے کرنے کے لیے معاشرے کے ہر فرد کو بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔