سکول آمد اور چھٹی کے اوقات سے متعلق بڑا فیصلہ

سکولوں کے اوقات میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور شہریوں کو مشکلات سے بچانے کے لیے لاہور کی اہم شاہراہوں پر اضافی ٹریفک نفری تعینات کر دی گئی ہے۔

سی ٹی او لاہور نے سکول ٹائم اور چھٹی کے اوقات میں سرکل افسران کو خود فیلڈ میں موجود رہنے کی ہدایت کی ہے۔ مصروف اور اہم شاہراہوں پر واقع 200 سے زائد سکولوں کے باہر وارڈنز تعینات کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ شہر کی مصروف شاہراہوں پر 100 اضافی ٹریفک ریسپانس یونٹس اور پٹرولنگ افسران بھی مقرر کیے گئے ہیں۔

مال روڈ، جیل روڈ، فیروزپور روڈ، مین بلیوارڈ گلبرگ، اقبال ٹاؤن روڈ، وحدت روڈ، مولانا شوکت علی روڈ اور کینال روڈ پر بھی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔

سی ٹی او لاہور نے سرکل افسران کو سکول و کالج انتظامیہ کے ساتھ میٹنگز کرنے کی ہدایت بھی دی ہے۔ سکولوں اور کالجز کے باہر ڈبل لین پارکنگ، ریڑھیوں اور ٹھیلوں کے خلاف کارروائی کا حکم جاری کیا گیا ہے۔

انچارج ایجوکیشن یونٹ کو ٹریفک اسکاؤٹس پروگرام دوبارہ شروع کرنے اور انچارج ڈرائیونگ اسکولز کو سکوٹی ٹریننگ پروگرام تشکیل دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔