محکمہ موسمیات کی جانب سے مزید بارشوں کی پیشگوئی کے بعد راولپنڈی اور اسلام آباد میں طلبہ اور والدین میں 2 ستمبر کو تعلیمی ادارے بند رہنے سے متعلق سوالات پیدا ہو گئے ہیں۔
جڑواں شہروں میں جاری شدید بارشوں کے باعث نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے ہیں، جبکہ نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہونے پر انتظامیہ ہائی الرٹ ہے۔
شدید بارش اور اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے طلبہ کی حفاظت کے لیے یکم ستمبر 2026 کو ضلع بھر کے تمام تعلیمی اداروں میں ایک روزہ تعطیل کا اعلان کیا تھا۔
تاہم 2 ستمبر کی تعطیل کے حوالے سے راولپنڈی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تاحال کوئی نیا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا۔ اس لیے نئے حکم نامے کے اجرا تک تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کھلنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شمس آباد میں سب سے زیادہ 201 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ نیو کٹاریاں میں 186، گولڑہ میں 157، ایچ ایٹ میں 155 اور سیدپور میں 104 ملی میٹر بارش ہوئی۔
شدید بارش کے باعث نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 29 فٹ جبکہ گوالمنڈی میں 23.5 فٹ تک پہنچ گئی، جس کے بعد قریبی آبادیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا۔
دوسری جانب 2 ستمبر پنجاب کے طلبہ کے لیے اس حوالے سے بھی اہم ہے کہ صوبے کے تمام 9 تعلیمی بورڈز کی جانب سے نویں جماعت کے سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج کا اعلان متوقع ہے۔






