پنجاب بھر کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے موسم گرما کی تعطیلات کے بعد آج سے دوبارہ کھل گئے ہیں، جبکہ سرکاری اسکولوں کے نئے اوقات کار بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔
نئے شیڈول کے مطابق سنگل شفٹ اسکول پیر سے جمعرات صبح 8 بجے سے دوپہر ڈیڑھ بجے تک کھلے رہیں گے، جبکہ جمعہ کے روز چھٹی 12 بج کر 45 منٹ پر ہوگی۔
ڈبل شفٹ اسکولوں میں صبح کی شفٹ پیر سے جمعرات صبح 8 بجے سے دوپہر ساڑھے 12 بجے تک جبکہ جمعہ کو دوپہر 12 بجے تک جاری رہے گی۔ شام کی شفٹ پیر سے جمعرات دوپہر ایک بجے سے شام ساڑھے 5 بجے تک اور جمعہ کے روز دوپہر 2 بجے سے شام ساڑھے 5 بجے تک ہوگی۔
محکمہ تعلیم کے مطابق پنجاب بھر کے تمام سرکاری و نجی اسکول پیر سے جمعہ تک کھلے رہیں گے، جبکہ نئے اوقات کار 24 اگست سے 15 اکتوبر 2026 تک نافذ العمل رہیں گے۔ گرلز اسکولوں کے اوقات میں 15 منٹ کا فرق ضلعی سطح پر ضرورت کے مطابق ایڈجسٹ کیا جا سکے گا۔
محکمہ تعلیم پنجاب نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ نئے اوقات کار پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے اسکول واپس آنے والے طلبہ کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ تعلیمی سرگرمیاں معمول کے مطابق بحال ہو گئی ہیں اور طلبہ نئی توانائی اور عزم کے ساتھ اپنے سیکھنے کے سفر کا دوبارہ آغاز کریں۔
انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ تعطیلات کے باعث جن طلبہ کی تعلیم میں تعطل پیدا ہوا ہے، ان کے تعلیمی تسلسل کی بحالی کے لیے بھرپور کردار ادا کیا جائے۔






