پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کر دیا گیا۔
وزارت پیٹرولیم ڈویژن کے 17 ستمبر کے نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 6 روپے 88 پیسے کا اضافہ کیا گیا جس کے بعد نئی قیمت 391 روپے 22 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 62 پیسے اضافے کے بعد نئی قیمت 421 روپے 45 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ 17 جولائی سے اب تک پیٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر 13 مرتبہ کمی اور 27 مرتبہ اضافہ کیا جا چکا ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں اسی عرصے کے دوران 10 مرتبہ کمی اور 30 مرتبہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
حکومت کے مطابق مشرق وسطیٰ کی صورتحال کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں تیزی سے اتار چڑھاؤ جاری ہے جس کے اثرات مقامی قیمتوں پر پڑ رہے ہیں۔ اس تناظر میں حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے روزانہ تعین کا فیصلہ کیا ہے، تاہم ہفتہ اور اتوار کو قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی جاتی اور قیمتیں برقرار رہتی ہیں۔






