ملک بھر کے پیٹرول پمپس کیلئے اہم ایڈوائزری جاری

پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن (PPDA) نے ملک بھر کے پیٹرولیم ڈیلرز کے لیے اہم ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے متعلقہ قوانین اور حفاظتی ضوابط پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کردی۔

ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری ایڈوائزری میں اوگرا، ایکسپلوز، سول ڈیفنس اور لیبر ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے مقرر کردہ قواعد و ضوابط کی پابندی لازمی قرار دی گئی ہے۔

پی پی ڈی اے نے تمام ڈیلرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے ریکارڈ اور ضروری دستاویزات کا ازسرِ نو جائزہ لینے کے ساتھ پیٹرول پمپس پر موجود آلات اور حفاظتی انتظامات بھی چیک کریں۔

ایڈوائزری کے مطابق مختلف سرکاری محکموں، ریگولیٹری اداروں اور مقامی حکام کی جانب سے ملک بھر میں پیٹرول پمپس کے معائنے کیے جانے ہیں، اس لیے ڈیلرز کو تمام قانونی تقاضے مکمل رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ایسوسی ایشن نے واضح کیا ہے کہ تمام پیٹرول پمپس پر اوگرا، ایکسپلوز، سول ڈیفنس اور لیبر ڈیپارٹمنٹ کے قوانین کے مطابق ضروری آلات اور حفاظتی انتظامات موجود ہونے چاہئیں۔ ڈیلرز کو بالخصوص حفاظتی اور سیکیورٹی اقدامات کو اولین ترجیح دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے ڈیلرز کے مفادات کے تحفظ کے لیے متعلقہ حکام سے مسلسل رابطے میں رہنے کے عزم کا اظہار بھی کیا ہے۔ ایسوسی ایشن کے مطابق معائنے اور دیگر متعلقہ امور کے حوالے سے حکام کے ساتھ رابطہ برقرار رکھا جائے گا۔