سونے کی قیمت میں ہزاروں روپے کی کمی، فی تولہ کتنے کا ہوگیا؟

کاروباری ہفتے کے پانچویں روز ملک میں سونے کی قیمت میں بڑی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق آج سونے کی فی تولہ قیمت میں مزید 5 ہزار 600 روپے کمی ہوئی، جس کے بعد ایک تولہ سونا 4 لاکھ 56 ہزار 736 روپے کا ہوگیا۔

اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت بھی 4 ہزار 801 روپے کم ہوکر 3 لاکھ 91 ہزار 577 روپے ہوگئی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی سونے کی فی تولہ قیمت میں 600 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔

ماہرین کے مطابق سونے کی قیمت میں اتار چڑھاؤ کی بڑی وجوہات میں عالمی مارکیٹ میں قیمتوں کی تبدیلی، امریکی ڈالر کی قدر، عالمی معاشی صورتحال، جغرافیائی کشیدگی اور شرحِ سود سے متعلق توقعات شامل ہیں۔

عالمی سطح پر معاشی اور سیاسی غیر یقینی کے دوران سرمایہ کار سونے کو محفوظ سرمایہ کاری سمجھتے ہیں، جس سے اس کی طلب اور قیمت متاثر ہوتی ہے۔ اسی طرح شرحِ سود میں کمی یا اس حوالے سے توقعات بھی سونے کی قیمت پر اثر انداز ہوتی ہیں۔

پاکستان میں عالمی مارکیٹ کے رجحانات کے ساتھ روپے اور ڈالر کی شرحِ تبادلہ بھی مقامی صرافہ مارکیٹ میں سونے کی قیمت کے تعین میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔