2 اسکولوں میں خوفناک آگ , درجنوں طالبعلم چل بسے

مشرقی کانگو کے شہر بوکاوو میں خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں دو اسکولوں اور 300 گھروں کو شدید نقصان پہنچا، جبکہ حادثے میں 19 طالبات سمیت 29 طلبا جاں بحق ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کانگو کے شہر بوکاوو پر کنٹرول رکھنے والے باغی گروپ ’ایم 23‘ کے ترجمان لارنس کانیوکا نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والوں میں 19 لڑکیاں اور 10 لڑکے شامل ہیں۔

مقامی منتظم موئز لوبالا کے مطابق آگ ابتدا میں ایک گھر میں لگی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے قریبی دو اسکولوں اور دیگر گھروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ کے دوران متعدد طلبا فوراہا سیکنڈری اسکول کے اندر پھنس گئے، جہاں کئی طلبا جان کی بازی ہار گئے۔

موئز لوبالا کے مطابق اسکول سے باہر نکلنے کا راستہ انتہائی تنگ تھا۔ بعض طلبا نے جان بچانے کے لیے کھڑکیوں سے چھلانگ لگانا شروع کردی، جبکہ دیگر دروازے کی جانب بھاگے۔ اس دوران بھگدڑ مچ گئی، متعدد طلبا گر پڑے اور ایک دوسرے کے نیچے دبنے سے ہلاک ہوگئے۔

حادثے کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ دونوں اسکولوں کے علاوہ قریب موجود تقریباً 300 لکڑی کے مکانات بھی آگ کی لپیٹ میں آکر مکمل طور پر جل گئے۔

ایک مقامی اسپتال کے اہلکار کے مطابق 50 سے زائد طلبا کو علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، جن میں سے 14 بچوں نے دورانِ علاج دم توڑ دیا، جبکہ 21 زخمی طلبا اب بھی انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں زیرِ علاج ہیں۔

حکام کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں، جبکہ متاثرہ خاندانوں اور زخمی طلبا کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔