اپوزیشن جماعتوں نے 27 ستمبر کے احتجاج کی بھرپور تیاری کا فیصلہ کرلیا ہے، جبکہ ملکی حالات کے پیش نظر تمام سیاسی جماعتوں سے رابطے کرنے اور جلد آل پارٹیز کانفرنس بلانے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔
محمود خان اچکزئی کی زیرِ صدارت اپوزیشن رہنماؤں کا اہم اجلاس سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجا ناصر عباس کے چیمبر میں ہوا، جس میں بیرسٹر گوہر خان، بیرسٹر سلمان اکرم راجا، اسد قیصر سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔
اجلاس میں 27 ستمبر کے احتجاج سے متعلق تفصیلی مشاورت کی گئی۔ محمود خان اچکزئی اور علامہ راجا ناصر عباس نے تحریک انصاف کو احتجاج کی بھرپور تیاری کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں ملکی حالات کے پیش نظر تمام سیاسی جماعتوں سے رابطوں اور جلد آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ کانفرنس میں ملکی مسائل کے حل کے لیے مشترکہ اور اجتماعی لائحہ عمل پر غور کیا جائے گا۔
دریں اثنا تحریک تحفظ آئین کا اجلاس 15 ستمبر کو طلب کرلیا گیا ہے، جس میں آل پارٹیز کانفرنس کی تیاریوں سمیت دیگر امور کا جائزہ لیا جائے گا۔
دوسری جانب وزیراعظم کے خط کے بعد اپوزیشن لیڈر اور وزیراعظم کے دفاتر کے درمیان رابطوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان ملاقات طے کرنے کے لیے بھی مشاورت جاری ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی نے اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی سے ملاقات کی، جس میں سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجا ناصر عباس بھی شریک ہوئے۔ ملاقات کے دوران ملکی سیاسی صورتحال اور تحریک انصاف کے مارچ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کا وفد آج سہ پہر 3 بجے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کرے گا۔ ملاقات کے دوران پی ٹی آئی وفد کی جانب سے مولانا فضل الرحمان کو آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی جائے گی۔






