چینی کتنی مہنگی ہونے والی ہے؟ پاکستانیوں کیلئے اہم خبر

ملک میں ایک بار پھر چینی مہنگی ہونے کی بازگشت سنائی دینے لگی ہے۔

 

ہر سال کی طرح اس بار بھی حکومت نے پہلے چینی برآمد کرنے کی اجازت دی ہے اور کچھ عرصے بعد مہنگی چینی درآمد کیے جانے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

 

اطلاعات کے مطابق اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ایک لاکھ 8 ہزار میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ چینی کی درآمد کی سفارش کابینہ کی منظوری سے قائم شوگر اسٹیئرنگ کمیٹی نے کی تھی۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ چینی کی برآمد کے لیے بین الاقوامی ٹینڈرز طلب کیے جائیں گے۔

 

حکومت کے اس فیصلے کے بعد شہریوں میں یہ سوال اٹھ رہا ہے کہ اگر ملک میں موجود چینی کا بڑا ذخیرہ بیرون ملک برآمد کر دیا گیا تو کیا اس سے مقامی مارکیٹ میں رسد متاثر ہوگی اور قیمتیں دوبارہ بڑھ جائیں گی؟

 

عوامی حلقوں میں حکومت کے فیصلے پر خاصی بے چینی پائی جا رہی ہے، کیونکہ چینی روزمرہ استعمال کی اہم شے ہے اور اس کی قیمت میں معمولی اضافہ بھی براہِ راست گھریلو بجٹ پر اثر ڈالتا ہے۔