ڈیزل کی قیمتوں کے خلاف ٹرانسپورٹ مالکان کی ہڑتال

رحیم یار خان (آن لائن) حکومتی پالیسیوں اور ڈیزل کی قیمت میں روزانہ کی بنیاد پر ردوبدل کے خلاف ٹرانسپورٹ مالکان کی پہیہ جام ہڑتال پانچویں روز بھی جاری رہی، جس کے باعث قومی شاہراہ پر مال بردار ٹرانسپورٹ نہ ہونے کے برابر رہ گئی اور رحیم یار خان سمیت ملک کے مختلف شہروں میں اشیائے خورونوش کی سپلائی شدید متاثر ہوئی ہے۔

آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کی اپیل پر جاری ہڑتال کے باعث قومی شاہراہ پر 70 فیصد سے زائد مال بردار گاڑیاں سڑکوں سے غائب ہیں۔ ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ حکومتی پالیسیوں، ٹول پلازوں کے نرخوں میں اضافے اور ڈیزل کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر ردوبدل کے خلاف احتجاج کیا جا رہا ہے۔

پہیہ جام ہڑتال کے باعث رحیم یار خان سمیت ملک بھر کے مختلف اضلاع میں اشیائے خورونوش کی فراہمی گزشتہ پانچ روز سے تعطل کا شکار ہے۔ سپلائی لائن متاثر ہونے کے باعث اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں بھی تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔

گڈز ٹرانسپورٹ مالکان کا کہنا ہے کہ ٹول پلازوں کے نرخوں میں اضافہ اور ڈیزل کی قیمتوں میں روزانہ ردوبدل ٹرانسپورٹرز کا معاشی قتل ہے۔

ٹرانسپورٹرز نے مطالبات کی منظوری تک ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے حکومت سے فوری طور پر مسائل حل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔