ملک بھر میں آج پیٹرول 336 روپے 3 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 392 روپے 38 پیسے فی لیٹر میں فروخت ہو رہا ہے۔
31 جولائی کو حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 12 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 66 پیسے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا تھا۔
20 جولائی سے 31 جولائی تک کے اعداد و شمار کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر تین بار کمی، چھ بار اضافہ جبکہ ایک روز کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ اس کے برعکس ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں صرف ایک بار معمولی کمی کی گئی، جبکہ آٹھ مرتبہ اس کی قیمت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
20 جولائی کو پیٹرول 35 پیسے فی لیٹر سستا کیا گیا تھا، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 71 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا۔
اس کے بعد 21 سے 24 جولائی تک مسلسل چار روز پیٹرول اور ڈیزل دونوں کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر اضافہ ہوتا رہا۔
25 جولائی کو دونوں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھی گئیں، جبکہ 27 جولائی کو پیٹرول ایک روپے فی لیٹر سستا اور ڈیزل 3 روپے 37 پیسے فی لیٹر مہنگا کر دیا گیا۔
28 جولائی کو ایک بار پھر دونوں مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا، جبکہ 29 جولائی کو پیٹرول 75 پیسے سستا ہوا لیکن ڈیزل کی قیمت میں مزید 2 روپے 24 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا۔
30 جولائی کو بھی پیٹرول اور ڈیزل دونوں کی قیمتیں بڑھائی گئیں، جس کے بعد 31 جولائی کو دونوں مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی کمی کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔
یاد رہے کہ 17 جولائی کو وفاقی وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک نے اعلان کیا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین اب روزانہ کی بنیاد پر کیا جائے گا اور اوگرا روزانہ نئی قیمتیں جاری کرے گی۔
حکومت کے مطابق پہلے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں، ڈالر کی قدر اور ٹیکسوں کا جائزہ ہر 15 روز بعد لیا جاتا تھا، تاہم امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں تیز اتار چڑھاؤ کے پیش نظر اب قیمتوں کا تعین روزانہ کیا جا رہا ہے۔






