افسوسناک خبر ، دو ہیلی کاپٹرز آپس میں ٹکرا گئے

یونان میں جنگلات کی آگ بجھانے کی کارروائی کے دوران دو فائر فائٹنگ ہیلی کاپٹر فضا میں آپس میں ٹکرا گئے، جس کے نتیجے میں ڈنمارک سے تعلق رکھنے والا ایک پائلٹ اور یونانی فائر سروس کا ایک رابطہ افسر ہلاک ہوگیا، جبکہ ایک برطانوی پائلٹ اور ایک یونانی رابطہ افسر معمولی زخمی ہوئے۔

حادثہ دارالحکومت ایتھنز سے تقریباً 65 کلومیٹر مغرب میں اس وقت پیش آیا جب دونوں ہیلی کاپٹر اٹیکا اور بوئوٹیا کی سرحد پر لگی جنگلاتی آگ بجھانے کی کارروائی میں مصروف تھے۔

حادثے کی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک ہیلی کاپٹر دوسرے کے روٹر سے ٹکرا گیا، جس کے بعد ایک ہیلی کاپٹر میں آگ بھڑک اٹھی اور وہ گہری کھائی میں جا گرا، جبکہ دوسرا ہیلی کاپٹر ہنگامی لینڈنگ کرنے میں کامیاب ہوگیا۔

یونانی فائر سروس کے مطابق دونوں ہیلی کاپٹر آسٹریلوی کمپنی میک ڈرموٹ ایوی ایشن سے کرائے پر حاصل کیے گئے تھے۔

ایک ہیلی کاپٹر میں سوار عملے کو محفوظ نکال لیا گیا، جبکہ دوسرے ہیلی کاپٹر میں موجود دونوں افراد بے ہوش حالت میں ملے اور بعد ازاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کر دی۔

یونان کے وزیراعظم کیریاکوس میتسوتاکس نے حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والے یونانی رابطہ افسر اور ڈنمارک کے پائلٹ کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔

حکام کے مطابق احتیاطی اقدام کے طور پر ملک بھر میں تمام بیل ہیلی کاپٹروں کی پروازیں عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہیں۔

حادثے میں زخمی ہونے والے برطانوی پائلٹ اور یونانی رابطہ افسر ہوش میں تھے اور انہیں طبی معائنے اور احتیاطی نگرانی کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں انہیں 24 گھنٹے زیرِ نگرانی رکھا جائے گا۔

حکام نے بتایا کہ زخمی برطانوی پائلٹ نجی شعبے سے تعلق رکھتا ہے اور جنگلاتی آگ کے موسم میں خدمات انجام دینے کے لیے یونان میں تعینات تھا۔ وہ برطانیہ اور یونان کے درمیان کسی سرکاری امدادی یا تبادلہ پروگرام کا حصہ نہیں تھا۔

رپورٹس کے مطابق حادثے میں محفوظ رہنے والے دونوں افراد نے فوری طور پر حکام کو تصادم کی اطلاع دی، جس کے باعث امدادی ٹیمیں جلد جائے وقوعہ تک پہنچ گئیں۔ حادثے میں شامل چاروں افراد کے نام تاحال جاری نہیں کیے گئے۔

میک ڈرموٹ ایوی ایشن کے بانی اور صدر جان میک ڈرموٹ نے بیان میں کہا کہ کمپنی اس افسوسناک حادثے سے متاثرہ خاندانوں، دوستوں اور ساتھیوں کے غم میں برابر کی شریک ہے اور تحقیقات میں متعلقہ حکام سے مکمل تعاون کرے گی۔

ادھر یونان میں جنگلاتی آگ بجھانے کی کارروائیاں بدستور جاری ہیں، جہاں ایرکسن ایئر کرین، چنوک ہیلی کاپٹرز اور کینیڈائر واٹر بمبار طیارے مختلف علاقوں میں آگ پر قابو پانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

رپورٹس کے مطابق گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران پورٹو جیرمینو، پساتا، فوکیدا، میگارا اور کیفالونیا سمیت مختلف علاقوں میں 500 سے زائد فائر فائٹرز آگ بجھانے کے لیے مسلسل کام کر رہے ہیں۔