جاپانی کمپنی نے پاکستان کو انتہائی سستا تیل فروخت کرنے کی پیشکش کر دی، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا امکان

اسلام اباد (پی این آئی ) جاپانی کمپنی نے پاکستان کو روسی تیل 35 فیصد کم قیمت پر فروخت کی پیشکش کر دی۔ جاپان کی معروف ٹریڈنگ کمپنی نے اپنی آئرس پارٹنر کمپنی کے ساتھ مل کر روسی تیل اور نائجریا کی ایل این جی عالمی مارکیٹ سے 35 فیصد کم میں فروخت کرنے کی پیشکش کی۔

اس سلسلے میں جاپانی کمپنی کے نمائندے ٹوکیو میں سفیر پاکستان کو یہ پیشکش کی گئی۔جاپانی نمائندے نے بتایا کہ ان کی جاپانی کمپنی اور آئر لینڈ کی شراکت دار کمپنی کے پاس روسی تیل اور نائجریا کی ایل این جی فروخت کرنے کا لائنسنس ہے اور اگر حکومت پاکستان تیل و گیس کی خریداری میں دلچسپی رکھتی ہے تو جاپانی کمپنی عالمی مارکیٹ سے 35 فیصد کم میں دونوں اشیا پاکستان کو فروخت کر سکتی ہے۔ملاقات میں معروف بزنس مین اور پاک جاپان بزنس کونسل کے صدر رانا عابد حسین کے توسط سے ہوئی۔اس موقع پر پاکستانی سفیر رضا بشیر تارڑ نے کہا پاکستان عالمی قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے اس پیشکش پر غور کر سکتا ہے جس کے لیے اس پیشکش کی تمام جزیات کے ساتھ ہم حکومت پاکستان کے متعلقہ محکموں کو آگاہ کریں گے اور اگر اسلام آباد سے جواب موصول ہوا تو جاپانی کمپنی کو آگاہ کر دیا جائے گا۔

جب کہ پاک جاپان بزنس کونسل کے صدر رانا عابد حسین نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت شدید معاشی بحران کا شکار ہے۔پاکستان کے زرِ مبادلہ کے بڑے ذخائر صرف تیل و گیس کی درآمد پر خرچ ہو رہے ہیں لہذا اگر عالمی قوانین اجازت دیں تو پاکستان کو سستے تیل و گیس کی خریداری تمام بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کا خیال رکھتے ہوئے کرنے میں کوئی حرج نہیں ہونا چاہئیے۔دوسری جانب یکم اپریل سے ملک میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے ۔آئل مارکیٹنگ کمپنیز کی جانب سے تخمینہ لگایا گیا ہے کہ ڈیزل کی قیمت میں 15 سے 20 روپے فی لیٹر کمی کا امکان ہے، اسی طرح پیٹرول کی قیمت 4 سے 5 روپے فی لیٹر تک کم ہو سکتی ہے۔جس کی وجہ یہ بتائی گئی ہے کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں اتار چڑھاؤ آرہا ہے، اس لیے تاہم پاکستان میں یکم اپریل سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں کم کی جاسکتی ہیں، تاہم انڈسٹری ذرائع کہتے ہیں کہ شاید حکومت قیمتوں میں کسی بھی قسم کا ردوبدل نہ کرے۔

close