کب تک سورج آگ برسائے گا! محکمہ موسمیات کی وارننگ

کراچی: سندھ کے بیشتر اضلاع میں 31 مئی تک درمیانی سے شدید ہیٹ ویو کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی فضا میں موجود ہائی پریشر ایریا آج سے مزید مضبوط ہونے کا امکان ہے، جس کے باعث کئی علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے کہیں زیادہ رہ سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ سکھر، لاڑکانہ، دادو اور نوابشاہ میں درجہ حرارت 47 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا خدشہ ہے، جبکہ موہن جو دڑو، شکارپور، جیکب آباد اور خیرپور میں پارہ معمول سے 4 سے 6 ڈگری زیادہ رہ سکتا ہے۔

اسی طرح تھرپارکر، بدین، حیدرآباد، میرپورخاص اور جامشورو میں بھی درجہ حرارت 44 سے 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں، خصوصاً بچوں، خواتین اور بزرگوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کیا جائے اور پانی کا زیادہ استعمال کیا جائے۔

کاشتکاروں کو بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ موسمی صورتحال کے مطابق فصلوں اور مویشیوں کی خصوصی دیکھ بھال کریں۔

دوسری جانب کراچی میں آئندہ تین روز کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے، تاہم سمندری ہوائیں چلنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close