کراچی: عید قرباں کی آمد کے ساتھ ہی شہر میں ہرے مصالحہ جات اور سبزیوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جبکہ ٹماٹر، ادرک، لہسن اور لیموں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق گزشتہ ہفتے 60 روپے فی کلو فروخت ہونے والے ٹماٹر کی قیمت بڑھ کر 120 روپے سے تجاوز کر گئی ہے، جبکہ لیموں 500 روپے فی کلو تک جا پہنچا ہے۔
اسی طرح ادرک اور لہسن 550 سے 600 روپے فی کلو فروخت ہو رہے ہیں، جبکہ سبز مرچ کی قیمت بھی 60 روپے سے بڑھ کر 100 روپے پاؤ تک پہنچ گئی ہے۔
دھنیے اور پودینے کی گڈی کی قیمت بھی عام دنوں کے مقابلے میں دگنی وصول کی جا رہی ہے، جبکہ گوشت گلانے کے لیے استعمال ہونے والا کچا پپیتا 150 سے 200 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے۔
سلاد میں استعمال ہونے والی اشیا بھی مہنگی ہو گئی ہیں، کھیرا 150 روپے فی کلو، ککڑی 200 روپے فی کلو اور سلاد پتہ 100 روپے پاؤ تک فروخت کیا جا رہا ہے۔
سبزی فروشوں کا کہنا ہے کہ ٹرانسپورٹ اور ترسیل کے اخراجات میں اضافے کے ساتھ طلب و رسد کا توازن بگڑنے کے باعث سبزی منڈی کی سطح پر بھی ہرے مصالحہ جات مہنگے ہو گئے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






