ٹی ٹوئنٹی بلائنڈ ایشیا کپ 2026 کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا۔ شیڈول کے مطابق ایونٹ 14 سے 20 نومبر تک بنگلہ دیش میں کھیلا جائے گا۔
بنگلہ دیش پہلی مرتبہ بلائنڈ کرکٹ ایشیا کپ کی میزبانی کرے گا جبکہ ٹورنامنٹ میں پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش، سری لنکا اور افغانستان کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔
ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب 14 نومبر کو ہوگی جبکہ فائنل 20 نومبر کو بشندھارا کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم 13 نومبر کو بنگلہ دیش پہنچے گی۔ شیڈول کے مطابق پاکستان اپنا پہلا میچ 16 نومبر کو سری لنکا کے خلاف، دوسرا بڑا مقابلہ روایتی حریف بھارت کے خلاف 17 نومبر کو، تیسرا میچ 18 نومبر کو میزبان بنگلہ دیش اور چوتھا میچ 19 نومبر کو افغانستان کے خلاف کھیلے گی۔
پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم کا بین الاقوامی سطح پر شاندار ریکارڈ رہا ہے، ٹیم بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کے پانچوں ایڈیشنز 1998، 2002، 2006، 2014 اور 2018 کے فائنل تک پہنچی جبکہ 2002 اور 2006 میں مسلسل دو ورلڈ کپ جیتے۔ ٹی ٹوئنٹی بلائنڈ ورلڈ کپ میں بھی پاکستان 2012 اور 2017 میں رنر اپ رہا اور 2023 کے آئی بی ایس اے ورلڈ گیمز میں بھارت کو فائنل میں شکست دے کر گولڈ میڈل حاصل کیا تھا۔






