پاسپورٹ کی خبروں پر رضا اللہ نے خاموشی توڑ دی!

برمنگھم: ایجبسٹن ٹیسٹ کے ہیرو رضا اللہ نے کہا ہے کہ یہ تاثر غلط ہے کہ ان کے پاس پاسپورٹ ہی نہیں تھا۔

انگلینڈ کے خلاف برمنگھم کے ایجبسٹن کرکٹ گراؤنڈ پر تیسرے ٹیسٹ کے تیسرے دن نویں نمبر پر 63 گیندوں پر 4 چوکوں اور 9 چھکوں کی مدد سے طوفانی 81 رنز کی اننگز کھیلنے والے دائیں ہاتھ کے جارح مزاج بلے باز رضا اللہ نے کہا کہ اس بات میں کوئی صداقت نہیں کہ ان کا پاسپورٹ نہیں بنا ہوا تھا اور جب انہیں انگلینڈ طلب کیا گیا تو بورڈ نے ہنگامی بنیادوں پر ان کا پاسپورٹ بنوایا۔

اپر دیر میں پیدا ہونے والے نوجوان فاسٹ بولر، جو قائداعظم ٹرافی میں پشاور ریجن کی نمائندگی کر چکے ہیں، نے بتایا کہ ایک سال قبل ہی ان کا پاسپورٹ بن گیا تھا اور وہ جاپان میں ہونے والے ایشین گیمز کی تیاری کر رہے تھے، جب انہیں لاہور میں واقع پی سی بی کے ہائی پرفارمنس سینٹر میں بتایا گیا کہ وہ انگلینڈ جا رہے ہیں۔

رضا اللہ نے کہا کہ یہ والدین کی دعاؤں کا نتیجہ ہے کہ آج انہیں پاکستان کی نمائندگی کا موقع ملا۔ انہوں نے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا کہ وہ دوسری اننگز میں انگلینڈ کے بولرز کے خلاف رنز بنانے میں کامیاب رہے۔

انہوں نے بتایا کہ وہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں اننگز اوپن بھی کر چکے ہیں۔

21 سالہ دائیں ہاتھ کے تیز بولر نے کہا کہ انہیں انگلش بولرز پر اٹیک کرکے بیٹنگ کرنے میں لطف آیا۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا انہوں نے کوچ سے اوپری نمبروں پر بیٹنگ کے لیے بھیجنے کا کہا تو رضا اللہ نے مسکراتے ہوئے کہا کہ یہ ان کا پہلا ٹیسٹ ہے، وہ ایسا کیسے کر سکتے تھے، تاہم اب انہیں اعتماد ملا ہے اور کوچ نے بھی انہیں بیٹنگ کرتے دیکھا ہے۔ مستقبل میں وہ ضرور ایسا سوچیں گے اور ضرورت محسوس ہوئی تو کوچ سے بات بھی کریں گے۔

رضا اللہ نے ایجبسٹن ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں اوپنر شان مسعود، اذان اویس اور کپتان بابر اعظم کے بعد پاکستان کی جانب سے چوتھی نصف سنچری اسکور کی تھی۔ انہوں نے فاسٹ بولر محمد عباس کے ساتھ نویں وکٹ پر 121 رنز کی شراکت قائم کرکے نہ صرف پاکستان کو اننگز کی شکست سے محفوظ رکھا بلکہ دوسری اننگز میں انگلینڈ کو 130 رنز کا ہدف دینے میں بھی مرکزی کردار ادا کیا۔ محمد عباس نے دوسری اننگز میں کیریئر کی بہترین 42 رنز کی اننگز کھیلی۔