چین کی امریکا اور ایران کے درمیان جنگ ختم کرانے اور امن مذاکرات میں کردار ادا کرنے کی پیشکش
بیجنگ: چین نے امریکا اور ایران کے درمیان جاری جنگ کے خاتمے اور امن مذاکرات میں کردار ادا کرنے کی پیشکش کردی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق چینی صدر شی جن پنگ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ بیجنگ مشرق وسطیٰ میں امن اور استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہتا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ایران اور امریکا کے درمیان جنگ نے خطے کے عوام کو شدید نقصان پہنچایا ہے، جبکہ یہ جنگ بین الاقوامی برادری کے مفادات میں بھی نہیں ہے۔
چینی صدر نے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امن و استحکام کے لیے سفارتی کوششوں میں کردار ادا کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ ایران کے ساتھ جنگ ختم ہوتے ہی تیل کی قیمتیں تیزی سے گر جائیں گی۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک بیان میں واضح کیا کہ آبنائے ہرمز اور سعودی عرب سے متعلق تمام معاملات ٹھیک ہوجائیں گے، جبکہ ممکن ہے ایران سعودی عرب کی تیل پائپ لائن پر حملے میں ملوث ہو۔
امریکی صدر نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو اپنا اچھا دوست قرار دیتے ہوئے کہا کہ سب کچھ ٹھیک ہوجائے گا اور امید ہے ایران جنگ نومبر تک ختم ہوجائے گی۔
انہوں نے امریکی فوج کو دنیا کی سب سے بہترین فوج قرار دیتے ہوئے کہا کہ آبنائے ہرمز پر امریکا کا کنٹرول ہے۔
حوثیوں سے متعلق ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ وہ امریکا کے ساتھ لڑائی نہیں چاہتے اور حوثیوں نے امریکا سے رابطہ کرکے واضح کیا ہے کہ وہ نہیں چاہتے کہ امریکا ان کے خلاف کارروائی کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ حوثی زیادہ تر بحری جہازوں کو آبنائے باب المندب سے گزرنے دے رہے ہیں، جبکہ امریکا نے غزہ اور وینزویلا میں بہت اچھا کام کیا ہے۔






