پنجاب میں دھواں دینے والی نجی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ
لاہور: پنجاب میں دھواں دینے والی نجی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کرتے ہوئے 15 اکتوبر تک کی مہلت دے دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے سیکرٹری حسن احسن نے اعلان کیا ہے کہ اسموگ کے تدارک کے لیے 15 اکتوبر 2026ء سے دھواں دینے والی تمام نجی گاڑیوں کے خلاف بلاامتیاز سخت قانونی کارروائی کا آغاز کیا جائے گا۔
اسموگ کی صورتحال اور پیشگی تیاریوں کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے سیکرٹری ٹرانسپورٹ نے بتایا کہ ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ، ماحولیاتی تحفظ کے ادارے اور دیگر متعلقہ اداروں نے باہمی اشتراک سے اسموگ پر قابو پانے کے لیے مشترکہ اقدامات کیے ہیں، جن کے باعث گزشتہ سال اسموگ کی صورتحال میں واضح بہتری دیکھنے میں آئی تھی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ تجارتی گاڑیوں کو فٹنس سرٹیفکیٹس کے اجرا میں 18 فیصد اضافہ ہوا ہے، جبکہ محکمہ ایکسائز میں اب تک 2 کروڑ 40 لاکھ گاڑیاں رجسٹرڈ ہوچکی ہیں۔
محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے گاڑیوں کو خصوصی اسٹیکرز بھی جاری کیے جائیں گے، اور ایک اسٹیکر کی مدتِ میعاد ایک سال ہوگی۔
حسن احسن کا کہنا تھا کہ زیادہ دھواں چھوڑنے یا خارج کرنے والی گاڑیوں کے خلاف یکمشت کارروائی کے لیے ٹریفک پولیس بھی نفاذِ قانون کے ان تمام آپریشنز میں فیلڈ میں موجود رہے گی۔






