حکومت کی جانب سے روزانہ بنیادوں پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے فیصلے کے بعد جولائی سے اب تک پٹرول کی قیمت میں 38 روپے 4 پیسے فی لیٹر کا اضافہ ہوچکا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق 22 جولائی کو پٹرول 320 روپے 73 پیسے فی لیٹر میں دستیاب تھا، جو اب بڑھ کر 358 روپے 77 پیسے فی لیٹر ہوگیا ہے۔ اسی عرصے کے دوران ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بھی 14 روپے 56 پیسے فی لیٹر اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد ڈیزل 367 روپے 21 پیسے سے بڑھ کر 381 روپے 77 پیسے فی لیٹر ہوگیا۔
حکومت نے پٹرول اور ڈیزل پر عائد پیٹرولیم لیوی کی شرح 80، 80 روپے فی لیٹر برقرار رکھی ہے۔
تازہ ترین فیصلے کے تحت پٹرول کی قیمت میں 12 روپے 90 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 72 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔ نئی قیمتوں کے بعد پٹرول 358 روپے 77 پیسے اور ڈیزل 381 روپے 77 پیسے فی لیٹر ہوگیا ہے۔
اوگرا کی جانب سے قیمتوں کے تعین کے بعد پیٹرولیم ڈویژن نے نئی قیمتوں کا اعلامیہ جاری کردیا ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق 8 ستمبر بروز منگل سے ایک روز کے لیے کیا گیا ہے۔






