آپ کا ڈیٹا بھی تو چوری نہیں ہوا؟ چونکا دینے والے انکشافات

اسلام آباد (آن لائن) چیئرمین پی ٹی اے نے انکشاف کیا ہے کہ سائبر کرائم ایجنسی کے ساتھ کارروائیوں کے دوران 6 لاکھ شہریوں کے بائیو میٹرک انگوٹھوں کے نشانات برآمد کیے گئے ہیں۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس چیئرمین راجا خرم نواز کی زیر صدارت ہوا۔ چیئرمین پی ٹی اے نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ بائیو میٹرک ریکارڈ جہاں موجود ہوتا ہے، وہیں موجود سکیورٹی نقائص کے باعث لیک ہوتا ہے۔ اس کی روک تھام کے لیے نادرا اور موبائل کمپنیوں کے ساتھ مل کر سسٹم کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔

پی ٹی اے نے سائبر کرائم ایجنسی کے ساتھ مل کر 125 چھاپے مارے، جن کے دوران 25 ہزار غیر قانونی سمیں برآمد اور 171 افراد کو گرفتار کیا گیا۔

چیئرمین پی ٹی اے کے مطابق گزشتہ دو سے ڈھائی سال کے دوران 18 لاکھ غیر قانونی سمیں بلاک کی گئیں۔ اب ایک شخص کے نام پر 5 سے زائد سمز کے اجرا پر مکمل پابندی ہے۔

رکن کمیٹی خواجہ اظہار الحسن نے نشاندہی کی کہ غیر قانونی سموں کے باعث بھتہ خوری اور دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ ملک میں برطانیہ کی سمیں سرعام فروخت ہو رہی ہیں۔

وزیر مملکت برائے داخلہ نے تشویش کا اظہار کیا کہ ملک میں فراڈ کے لیے بینک اکاؤنٹس بھی کرائے پر دستیاب ہیں۔ انہوں نے پی ٹی اے کو اپنے سکیورٹی فیچرز میں فوری بہتری لانے کی ہدایت کی۔