اسلام آباد (آن لائن) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آئندہ 2 سے 3 روز کے دوران ملک کے بالائی علاقوں میں موسلادھار بارش کے باعث ممکنہ سیلابی صورتحال کا الرٹ جاری کر دیا۔
این ڈی ایم اے کے مطابق گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں آئندہ 72 گھنٹوں کے دوران موسلادھار بارش کا امکان ہے، جس کے باعث دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔
گلگت بلتستان کے گلگت، دیامر، غذر، ہنزہ، استور، اسکردو اور شگر سمیت حساس علاقوں میں اچانک سیلابی صورتحال کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
آزاد کشمیر کے باغ، پونچھ، مظفرآباد، حویلی، بھمبر، سدھنوتی، میرپور اور کوٹلی میں بھی سیلاب کا خدشہ ہے۔
خیبرپختونخوا کے چترال، دیر، سوات، باجوڑ، مہمند، شانگلہ، بٹگرام، کوہستان اور مانسہرہ سمیت مختلف اضلاع میں بھی الرٹ جاری کیا گیا ہے، جبکہ ایبٹ آباد، ہری پور، نوشہرہ، پشاور، صوابی اور مردان کے شہری علاقوں میں سیلابی صورتحال کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق آئندہ 72 گھنٹوں کے دوران دریائے سندھ، کابل، سوات، پنجکوڑہ، کرم اور توچی کے بہاؤ میں اضافے کا امکان ہے۔ دریائے جہلم، چناب اور راوی کے مختلف مقامات اور ملحقہ ندی نالوں میں بھی پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
راولپنڈی اور اسلام آباد میں ممکنہ بارش کے باعث نالہ لئی میں پانی کے شدید بہاؤ کا خدشہ ہے، جبکہ جڑواں شہروں کے نشیبی علاقوں میں متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارش کے دوران شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ، پہاڑی علاقوں میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے، جبکہ نشیبی علاقوں اور رابطہ سڑکوں کے زیرآب آنے کا بھی خدشہ ہے۔
این ای او سی کی جانب سے صورتحال کی مسلسل مانیٹرنگ جاری ہے۔





