جیکب آباد (آن لائن) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی جیکب آباد آمد پر ان کی گزرگاہ پر کچرے کا ڈبہ رکھ کر سڑک بند کرنے اور مختلف مقامات پر کچرا پھینکے جانے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ تحریک انصاف کے رہنماؤں نے مقامی انتظامیہ پر جان بوجھ کر وزیراعلیٰ کی اسٹریٹ موومنٹ میں رکاوٹیں ڈالنے کا الزام عائد کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی اسٹریٹ موومنٹ کے سلسلے میں جیکب آباد پہنچے، جہاں انہوں نے رات سابق نگران وزیراعظم محمد میاں سومرو کی رہائش گاہ پر قیام کیا۔ وہ کارکنان کے ہمراہ جلوس کی صورت میں جیکب آباد شہر کی جانب روانہ ہونے والے تھے کہ ان کی گزرگاہ پر کچرے کا ڈبہ رکھ کر راستہ بند کر دیا گیا، جبکہ بعض سڑکوں پر کچرا بھی پھینکا گیا۔
تحریک انصاف کے کارکنان نے موقع پر پہنچ کر رکاوٹیں ہٹائیں اور راستہ بحال کیا۔ دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنما سردارزادہ مولا بخش سومرو نے راستے بند کیے جانے اور مختلف گزرگاہوں پر کچرا پھینکے جانے کی ویڈیوز اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کرتے ہوئے مقامی انتظامیہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ تحریک انصاف کی اسٹریٹ موومنٹ میں عوام کی بھرپور شرکت دیکھ کر مقامی انتظامیہ اور مخالفین بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکے ہیں، اسی وجہ سے عوامی سرگرمی میں رکاوٹیں ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنان کا کہنا تھا کہ سیاسی سرگرمیوں کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کے بجائے انتظامیہ کو شہریوں کی آمدورفت اور صفائی ستھرائی کے معاملات پر توجہ دینی چاہیے۔






