کیا آپ بھی بننے والے ہیں کروڑ پتی؟ بانڈز کی قرعہ اندازی

فیصل آباد (آن لائن) 40 ہزار اور 25 ہزار روپے مالیت کے پریمیئم پرائز بانڈز رکھنے والوں کے لیے اہم خبر سامنے آگئی، دونوں مالیت کے بانڈز کی قرعہ اندازی 10 ستمبر 2026 کو ہوگی، جس میں خوش نصیب افراد کو کروڑوں روپے کے انعامات دیے جائیں گے۔

40 ہزار روپے کے پریمیئم پرائز بانڈ کی 38ویں قرعہ اندازی سیالکوٹ میں منعقد ہوگی، جس کے پہلے انعام کی رقم 8 کروڑ روپے مقرر کی گئی ہے۔ دوسرے انعام کے طور پر 3 افراد کو 3 کروڑ روپے فی کس دیے جائیں گے، جبکہ تیسرے انعام کے 660 مواقع رکھے گئے ہیں اور ہر انعام کی رقم 5 لاکھ روپے ہوگی۔ یوں اس قرعہ اندازی میں مجموعی طور پر 664 انعامات شامل ہیں۔

دوسری جانب 25 ہزار روپے کے پریمیئم پرائز بانڈ کی 23ویں قرعہ اندازی بھی 10 ستمبر کو ہوگی، جس کی میزبانی کوئٹہ کرے گا۔ اس قرعہ اندازی میں پہلے انعام کے طور پر 3 کروڑ روپے کے 2 انعامات رکھے گئے ہیں۔

25 ہزار روپے کے بانڈ کے دوسرے انعام میں 1 کروڑ روپے کے 5 انعامات شامل ہیں، جبکہ تیسرے انعام کے 700 مواقع رکھے گئے ہیں۔ تیسرے انعام کی رقم 3 لاکھ روپے فی کس مقرر کی گئی ہے۔

دونوں قرعہ اندازیوں میں مجموعی طور پر 1,370 انعامات رکھے گئے ہیں، جس کے باعث پرائز بانڈ رکھنے والے شہریوں کی دلچسپی بڑھ گئی ہے۔ قرعہ اندازی کے بعد کامیاب بانڈ نمبرز کے ذریعے انعام جیتنے والے افراد متعلقہ طریقہ کار کے مطابق اپنی رقم وصول کر سکیں گے۔

40 ہزار روپے کے بانڈ پر ملنے والے 8 کروڑ روپے کے پہلے انعام پر قانون کے مطابق ودہولڈنگ ٹیکس بھی عائد ہوگا۔ فائلر کی صورت میں 15 فیصد ٹیکس کٹوتی کے بعد تقریباً 6 کروڑ 80 لاکھ روپے جبکہ نان فائلر کے لیے 30 فیصد ٹیکس کٹوتی کے بعد تقریباً 5 کروڑ 60 لاکھ روپے کی رقم باقی رہے گی۔

پرائز بانڈ رکھنے والے افراد کے لیے ضروری ہے کہ وہ قرعہ اندازی کی تاریخ اور اپنے بانڈ نمبرز کا ریکارڈ محفوظ رکھیں تاکہ نتائج جاری ہونے کے بعد اپنے انعام کی بروقت تصدیق کر سکیں۔