کراچی (آن لائن) سینئر وزیر و صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ کے اہم اجلاس میں عوامی سفری سہولیات کو مزید وسعت دینے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں پیپلز بس سروس کی توسیع، ڈبل ڈیکر بسوں، ای وی ٹیکسی سروس، پنک اسکوٹیز اور بی آر ٹی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، سی ای او ٹرانس کراچی زبیر چنہ، ایم ڈی سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی عامر بہزاد میمن اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
شرجیل انعام میمن کو صوبے میں پیپلز بس سروس کے جاری آپریشنز اور مختلف شہروں میں سروس کی توسیع سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ قمبر شہدادکوٹ تا لاڑکانہ روٹ پر پیپلز بس سروس جلد شروع کی جا رہی ہے اور بسیں لاڑکانہ پہنچ چکی ہیں، جبکہ ڈبل ڈیکر بسوں کی آمد اور آپریشنل معاملات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔
اجلاس میں ای وی ٹیکسی سروس کے آپریشنل ماڈل اور سروس کے آغاز کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔ شرجیل انعام میمن نے ہدایت کی کہ نئے روٹس پر بس سروس کے آغاز کے لیے تمام انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز بس سروس کا دائرہ کار بڑھانے کا مقصد عوام کو بہتر ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنا ہے۔ میرپورخاص میں جلد پنک اسکوٹیز تقسیم کی جائیں گی۔ خواتین کو بااختیار بنانے اور ضروری سرگرمیوں تک آسان رسائی کے لیے پنک اسکوٹیز پروگرام ایک انقلابی قدم ہے۔
سینئر وزیر نے بی آر ٹی منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ غیر ضروری تاخیر سے بچنے کے لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے کے ساتھ کام کریں۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت صوبے میں جدید، محفوظ اور ماحول دوست پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ پیپلز بس سروس کی مختلف شہروں تک توسیع، الیکٹرک ٹرانسپورٹ کا فروغ اور بڑے بی آر ٹی منصوبے جامع ٹرانسپورٹ پالیسی کا حصہ ہیں۔






