وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سرگودھا میں مزید 7 الیکٹرو بسیں فراہم کرنے کا اعلان کردیا۔
مریم نواز شریف سے سرگودھا سے تعلق رکھنے والے ارکان پنجاب اسمبلی نے ملاقات کی، جس میں صوبائی وزیر صہیب احمد ملک، منصور اعظم، میاں سلطان رانجھا، اکرام الحق، صفدر حسین ساہی، رانا منور حسین، تیمور علی خان اور سردار عاصم شیر میکن شامل تھے۔
ملاقات کے دوران ارکان اسمبلی نے سرگودھا میں نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے قیام اور ریکارڈ مدت میں تکمیل پر وزیراعلیٰ کو خراج تحسین پیش کیا، جبکہ شہر میں الیکٹرو بس سروس کے آغاز پر بھی ان کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز نے سرگودھا کے لیے مزید 7 الیکٹرو بسیں فراہم کرنے کا اعلان کیا اور ارکان اسمبلی کو مثالی گاؤں، ستھرا پنجاب پروگرام اور صاف پانی کے منصوبوں کی مؤثر نگرانی کی ہدایت کی۔
ملاقات میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی رفتار مزید تیز کرنے کے لیے تجاویز اور سفارشات پر بھی غور کیا گیا۔ ارکان اسمبلی نے مختلف ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے عوامی ردعمل سے وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا۔
ارکان اسمبلی کے مطابق بھلوال، بھیرہ، سلانوالی، یونیورسٹی، ڈی ایچ کیو، شاہین آباد، کوٹ مومن اور تحصیل ساہی وال سمیت مختلف علاقوں میں الیکٹرو بس سروس سے روزانہ ہزاروں افراد مستفید ہورہے ہیں۔ انہوں نے سرگودھا میں نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے قیام کو بھی اہم اور ناقابل فراموش اقدام قرار دیا۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ الیکٹرو بسوں میں بالخصوص خواتین اور بچوں کو آرام دہ سفر کرتے دیکھ کر انہیں دلی اطمینان ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سرگودھا سمیت پنجاب کے ہر شہر کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جارہا ہے اور عوام کی سہولت کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب کے ہر حصے میں بلاامتیاز ترقی ان کی حکومت کی ترجیح ہے۔






