پاکستان میں گرفتار ہونے والے بھارتی فضائیہ کے سابق پائلٹ ابھینندن ورتھمان نے بھارتی فضائیہ سے قبل از وقت ریٹائرمنٹ لے لی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فروری 2019 میں پاک بھارت فضائی جھڑپ کے دوران پاکستان میں گرفتار ہونے والے گروپ کیپٹن ابھینندن ورتھمان نے رواں سال مارچ کے اختتام پر بھارتی فضائیہ چھوڑ دی اور اگست میں گوا کی ایک نجی علاقائی ایئرلائن میں بطور کمرشل پائلٹ شمولیت اختیار کرلی۔
رپورٹس کے مطابق 43 سالہ ابھینندن نے بھارتی فضائیہ میں طویل عرصہ خدمات انجام دیں اور انہیں ویر چکر ایوارڈ بھی دیا گیا۔ تاہم متعلقہ نجی ایئرلائن ’فلائی 91‘ کے ترجمان نے کسی ملازم کی ذاتی معلومات فراہم کرنے سے معذرت کرتے ہوئے معاملے کو ذاتی قرار دیا ہے۔
یاد رہے کہ فروری 2019 میں پاک بھارت فضائی کشیدگی کے دوران ابھینندن کا مگ 21 طیارہ پاکستان ایئر فورس کے ساتھ فضائی جھڑپ میں تباہ ہوگیا تھا، جس کے بعد انہوں نے پیراشوٹ کے ذریعے پاکستانی حدود میں لینڈ کیا اور پاکستانی حکام نے انہیں حراست میں لے لیا تھا۔
پاکستان میں تقریباً 60 گھنٹے قیام کے دوران ابھینندن کی ایک ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں انہوں نے پاکستانی چائے کو ’فینٹاسٹک‘ قرار دیا تھا۔ بعد ازاں یکم مارچ 2019 کی رات پاکستان نے خیرسگالی کے جذبے کے تحت انہیں واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کردیا تھا۔
گوا میں قائم ’فلائی 91‘ مارچ 2024 میں شروع ہوئی تھی اور اے ٹی آر 72-600 طیاروں کے ذریعے علاقائی پروازیں چلاتی ہے۔






