فوربز کے مطابق دنیا کے 10 امیر ترین افراد کی مجموعی دولت اگست 2026 کے دوران 200 ارب ڈالر اضافے کے بعد 2.8 ٹریلین ڈالر تک پہنچ گئی۔ یکم ستمبر 2026 تک جاری فہرست میں شامل 10 افراد میں سے 9 امریکی شہری ہیں، جبکہ واحد غیر امریکی شہری اسپین کے ارب پتی امانسیو اورٹیگا ہیں۔ فہرست میں کوئی خاتون شامل نہیں۔
ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے سربراہ ایلون مسک 892 ارب ڈالر کی دولت کے ساتھ دنیا کے امیر ترین شخص ہیں۔ اگست کے دوران ان کی دولت میں 202 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا، جس کی بڑی وجہ اسپیس ایکس اور ٹیسلا کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ہے۔ اسپیس ایکس کے حصص میں 33 فیصد جبکہ ٹیسلا کے حصص میں 18 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
گوگل کے شریک بانی لیری پیج 277 ارب ڈالر کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ اگست میں ان کی دولت میں 15 ارب ڈالر کمی ہوئی، جو اس فہرست میں شامل افراد میں سب سے بڑی کمی ہے۔
ایمیزون کے بانی جیف بیزوس 268 ارب ڈالر کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں، جبکہ اگست میں ان کی دولت میں 10 ارب ڈالر کمی ہوئی۔
گوگل کے دوسرے شریک بانی سرگئی برِن 256 ارب ڈالر کی دولت کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں اور ان کی دولت میں 13 ارب ڈالر کمی ہوئی۔
ڈیل ٹیکنالوجیز کے سربراہ مائیکل ڈیل 241 ارب ڈالر کے ساتھ پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔
میٹا کے سربراہ مارک زکربرگ 197 ارب ڈالر کی دولت کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہیں۔
اوریکل کے شریک بانی لیری ایلیسن 193 ارب ڈالر کی دولت کے ساتھ ساتویں نمبر پر آگئے۔ اگست کے دوران ان کی دولت میں 25 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا۔
اینویڈیا کے شریک بانی اور چیف ایگزیکٹو جینسن ہوانگ 191 ارب ڈالر کے ساتھ آٹھویں نمبر پر ہیں۔ ایک ماہ کے دوران ان کی دولت میں 17 ارب ڈالر اضافہ ہوا۔
مائیکروسافٹ کے سابق سربراہ اسٹیو بالمر 155 ارب ڈالر کی دولت کے ساتھ نویں نمبر پر ہیں۔ اگست میں ان کی دولت میں 10 ارب ڈالر اضافہ ہوا، جس کے نتیجے میں وہ 11ویں سے نویں نمبر پر آگئے۔
ہسپانوی ارب پتی اور انڈیٹیکس کے بانی امانسیو اورٹیگا 148 ارب ڈالر کی دولت کے ساتھ دسویں نمبر پر ہیں۔ اگست میں ان کی دولت میں 5 ارب ڈالر اضافہ ہوا اور وہ 12ویں سے 10ویں نمبر پر آگئے۔
فوربز کے مطابق ارب پتی افراد کی دولت میں روزانہ کی بنیاد پر تبدیلیاں آتی رہتی ہیں کیونکہ ان کی دولت کا بڑا حصہ کمپنیوں کے حصص اور کاروباری ملکیت سے منسلک ہوتا ہے۔ حصص کی قیمتوں میں معمولی اتار چڑھاؤ بھی ان کی مجموعی دولت میں اربوں ڈالر کی تبدیلی کا باعث بن سکتا ہے۔






