ایران اور عمان کے درمیان آبنائے ہرمز کی حد بندی پر اتفاق

تہران (آئی این پی) ایرانی پاسداران انقلاب کے ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران اور عمان کے درمیان مذاکرات میں آبنائے ہرمز کی حد بندی پر اتفاق ہوگیا ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق ترجمان نے کہا کہ آبنائے ہرمز سے حاصل ہونے والی آمدنی میں ایران اور عمان دونوں کا حصہ ہوگا۔ ان کا الزام تھا کہ امریکا ایران اور عمان کے درمیان مذاکراتی عمل میں رکاوٹ ڈال رہا ہے۔

پاسداران انقلاب کے ترجمان نے کہا کہ امریکی مداخلت کے باعث ایران عمان مذاکرات میں تاخیر ہوئی۔ اگر امریکا ایران کی شرائط تسلیم نہیں کرتا تو آبنائے ہرمز نہیں کھولی جائے گی۔

دوسری جانب ایرانی صدر نے کہا ہے کہ فوجی حملوں کی طرح اقتصادی ناکہ بندی بھی ناکام ہوگی اور امریکا اقتصادی دباؤ کے ذریعے کچھ حاصل نہیں کرسکے گا۔ ان کے مطابق مسائل کو مذاکرات اور باہمی تعاون کے ذریعے حل کرنا ایران کی اولین ترجیح ہے۔

ایرانی اسپیکر باقر قالیباف نے کہا کہ جنگ میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کے تحفظ کے لیے ملک کو اپنی طاقت محفوظ رکھنا ہوگی۔