وزیراعظم شہباز شریف کی 12ربیع الاول پر امت مسلمہ کو مبارکباد

اسلام آباد (آن لائن) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے 12 ربیع الاول 1448ھ کے بابرکت موقع پر پاکستان اور دنیا بھر میں مقیم امت مسلمہ کو نبی کریم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ولادت باسعادت پر دلی مبارکباد اور عقیدت پیش کی ہے۔

اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ نے ایمان، علم، اخلاق اور عدل پر مبنی ایک مکمل اور مثالی ضابطۂ حیات کا پیغام دنیا تک پہنچایا۔ آپ ﷺ کی سیرت ہر دور میں انسانیت کے لیے رہنمائی کا سرچشمہ ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ اس سال قومی سطح پر 12 ربیع الاول “نسلِ نو کا تحفظ، تعبیر و کردار، سیرت النبی ﷺ کی روشنی میں” کے عنوان سے منایا جا رہا ہے۔ نوجوان نسل کی کردار سازی کے لیے سچائی، دیانت، محنت، نظم و ضبط، قانون کی پاسداری اور احساسِ ذمہ داری جیسی اسلامی اقدار کو ان کی تربیت کا حصہ بنانا ہوگا۔

وزیراعظم نے کہا کہ نوجوان سیرتِ رسول ﷺ کی روشنی سے منور ہوکر علم و تحقیق، محنت اور خدمت کے جذبے سے سرشار ہوں اور ملک و قوم کی ترقی میں مؤثر کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے مکہ مکرمہ میں توحید، تقویٰ اور اخلاقی پاکیزگی کے ذریعے اصلاح کی بنیاد رکھی جبکہ مدینہ منورہ میں عدل و مساوات، قانون کی بالادستی اور انسانی حقوق و فرائض پر مبنی معاشرہ قائم کیا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ موجودہ دور کے معاشی، معاشرتی اور اخلاقی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے اجتماعی زندگی کو سیرتِ طیبہ کی تعلیمات کے مطابق ڈھالنا ہوگا۔ 12 ربیع الاول اتحاد و یکجہتی، بین المسالک ہم آہنگی اور بین المذاہب احترام کے فروغ کا بھی تقاضا کرتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اختلاف کو دشمنی میں تبدیل کرنے کے بجائے مکالمے، برداشت اور باہمی احترام کو فروغ دینا ہوگا۔ انہوں نے قوم پر زور دیا کہ سیرتِ طیبہ کو اپنے کردار اور اجتماعی طرزِ عمل کا حصہ بناتے ہوئے پاکستان کو مضبوط، خوشحال، پُرامن اور فلاحی ریاست بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔