اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان جیل میں رہیں گے یا باہر، اس کا فیصلہ قانون کرے گا، قانون جو کہے گا اس پر عملدرآمد ہوگا۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حنیف عباسی نے کہا کہ وہ عمران خان کے مستقبل کے حوالے سے قیاس آرائیاں کرنے والے شخص نہیں۔ گزشتہ ڈھائی سال سے اپوزیشن کا سیاسی میدان میں ڈٹ کر مقابلہ کیا اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔
مولانا فضل الرحمان کے حوالے سے وفاقی وزیر نے کہا کہ وہ قابل احترام ہیں، تاہم غصے میں اکثر غلط فیصلے ہوجاتے ہیں اور غصے میں کی گئی تقریر کا اثر ملک کے خلاف بھی جاسکتا ہے۔
حنیف عباسی نے کہا کہ وہ سیاسی مخالفت کو درگزر کردیتے ہیں، تاہم ذاتی مخالفت کو برداشت نہیں کرتے۔ ماضی میں عمران خان کی جانب سے مولانا فضل الرحمان کے بارے میں استعمال کیے گئے الفاظ کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر صرف سیاسی مخالفت ہوتی تو کوئی مسئلہ نہیں تھا، لیکن ذاتی نوعیت کی تنقید ناقابل قبول تھی۔
انہوں نے کہا کہ ریاست اور اداروں کی بہتری کے لیے تمام فیصلے آئین اور قانون کے مطابق ہی کیے جائیں گے۔






