فیصل آباد (آئی این پی) فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) نے ملازمین کے لیے تنخواہوں اور مختلف الاؤنسز میں اضافے کی منظوری دے دی۔
فیسکو بورڈ نے وفاقی حکومت کے نظرثانی شدہ پے اسکیلز اور مختلف الاؤنسز پر عملدرآمد کی منظوری دی ہے۔ بورڈ کے 22 اگست 2026 کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کے مطابق نظرثانی شدہ بنیادی پے اسکیلز کا اطلاق یکم جولائی 2026 سے ہوگا۔
بورڈ نے ملازمین کے لیے ڈسپیریٹی ریڈکشن الاؤنس 2026 نافذ کرنے کی بھی منظوری دے دی، جبکہ BPS-1 سے BPS-22 تک ملازمین کے کنوینس الاؤنس کی نظرثانی شدہ شرحیں بھی منظور کرلی گئیں۔
اس کے علاوہ خصوصی افراد کے لیے اسپیشل کنوینس الاؤنس میں اضافے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔
فیسکو انتظامیہ نے وزارتِ خزانہ کے تنخواہوں اور الاؤنسز سے متعلق پانچ اہم نوٹیفکیشنز کو کمپنی میں نافذ کرنے کی منظوری بھی دے دی۔
اجلاس میں اہل پنشنرز کے لیے پنشن میں اضافے کی بھی منظوری دی گئی، جس کا اطلاق متعلقہ حکومتی پالیسی کے تحت ہوگا۔
فیسکو کے مطابق وفاقی حکومت کے 2026 کے پے پیکیج کے تحت نظرثانی شدہ پے اسکیلز اور الاؤنسز کے نفاذ سے حاضر سروس ملازمین اور اہل پنشنرز کو اضافی مالی فوائد حاصل ہوں گے۔






