قدرتی گیس کے نئے اور بڑے ذخائر دریافت

امریکا کے ساتھ جاری کشیدگی اور پابندیوں کے دوران ایران کے لیے قدرتی گیس کے بڑے نئے ذخائر کی دریافت ایک اہم پیش رفت ہے۔

ایرانی صوبے فارس میں دریافت ہونے والے نئے گیس فیلڈ میں 7.5 ٹریلین کیوبک فٹ سے زائد قدرتی گیس موجود ہے۔ ایرانی وزیر تیل محسن پاک نژاد نے ذخائر کی دریافت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ تقریباً 5.7 ٹریلین کیوبک فٹ گیس قابلِ حصول ہے۔

ایرانی وزیر تیل کے مطابق قابلِ حصول گیس کی مقدار جنوبی پارس گیس فیلڈ کے ایک فیز سے تقریباً 15 سال کی پیداوار کے برابر ہے۔

انہوں نے بتایا کہ نئی گیس فیلڈ میں موجود گیس سویٹ گیس ہے، جس کے باعث اس کی ترقی اور پیداوار کے اخراجات نسبتاً کم ہوں گے۔ فیلڈ میں قدرتی گیس کے علاوہ مائع گیس کے بھی بڑے ذخائر موجود ہیں۔

ایرانی حکام کے مطابق نئے قدرتی اور مائع گیس کے ذخائر ملک کی معیشت میں اربوں ڈالر کا اضافہ کر سکتے ہیں۔ یہ دریافت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ایران کو امریکا کی جانب سے سخت معاشی پابندیوں اور بڑھتی ہوئی کشیدگی کا سامنا ہے۔