فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دورہ ایران ، ایرانی حکومت کی جانب سے اہم خبر آگئی

ایرانی حکومت نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے دورہ ایران کو انتہائی کامیاب، نتیجہ خیز اور خطے کے لیے اہم سفارتی پیش رفت قرار دیا ہے۔

ایرانی صدارتی دفتر کے ترجمان سید مہدی طباطبائی کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دورہ انتہائی کامیاب رہا، جس کے دوران پاکستان اور ایران کے درمیان اہم سفارتی پیش رفت ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ دورے کے مثبت نتائج اور ثمرات جلد عملی طور پر سامنے آنا شروع ہو جائیں گے۔

تہران میں ہونے والے اس اعلیٰ سطحی دورے کو دونوں ممالک کے باہمی تعلقات اور خطے کی سکیورٹی صورتحال کے حوالے سے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

اس سے قبل محسن نقوی نے بتایا تھا کہ ایرانی صدر سے ملاقات کے دوران اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کی بحالی اور تنازع کے جامع حل کے لیے مختلف اقدامات پر غور کیا گیا۔

ان کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر اور ان کی ایرانی صدر سے ملاقات انتہائی مثبت اور نتیجہ خیز رہی، جس میں ایران اور امریکا کے درمیان تنازع سمیت مشرق وسطیٰ کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ملاقات مثبت ماحول میں ہوئی، جس دوران ایرانی صدر نے اپنی حکومت کا مؤقف اور تحفظات بھی کھل کر بیان کیے۔