متحدہ اپوزیشن کی مشترکہ پارلیمانی پارٹی نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کی اتحاد میں شمولیت کی باضابطہ توثیق کر دی۔
گزشتہ روز پارلیمنٹ ہاؤس میں اپوزیشن جماعتوں کا مشترکہ پارلیمانی اجلاس قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں سینیٹ میں قائد حزب اختلاف علامہ راجہ ناصر عباس، جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن اور پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان سمیت دیگر اپوزیشن ارکان نے شرکت کی۔
اجلاس کے اعلامیے کے مطابق متحدہ اپوزیشن نے مشترکہ حکمت عملی کے لیے کوآرڈینیشن میکنزم تشکیل دینے پر اتفاق کیا۔ اہم معاملات پر پارلیمنٹ کے اندر اور باہر مشترکہ مؤقف اختیار کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
اعلامیے میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سمیت تمام سیاسی قیدیوں کی فوری رہائی، سیاسی مقدمات کے خاتمے، عدالتی فیصلوں پر عملدرآمد اور ملک میں امن و امان کے لیے جامع اور مستقل حکمت عملی اپنانے کا مطالبہ کیا گیا۔






