بیجنگ: چینی وزارت خارجہ نے ایران کے خلاف امریکی پابندیوں کی دھمکی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پابندیاں اور دباؤ ڈالنے کے حربے مسائل کے حل میں مددگار نہیں بلکہ کشیدگی میں اضافے کا باعث بنتے ہیں۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لن جیان نے بیجنگ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تمام متعلقہ فریقوں پر زور دیا کہ وہ سمجھ داری اور تحمل سے کام لیں اور ایسے اقدامات سے گریز کریں جن سے کشیدگی مزید بڑھے۔
لن جیان نے کہا کہ چین صورتحال پر قریبی نظر رکھے گا اور اپنے جائز حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کرے گا۔
چین نے واضح کیا کہ تنازعات کا حل سیاسی اور سفارتی ذرائع، مذاکرات اور بات چیت کے ذریعے تلاش کیا جانا چاہیے۔






