لاہور: وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے موسم گرما کی تعطیلات کے بعد اسکول واپس آنے والے طلبہ کو خوش آمدید کہا ہے۔
اپنے پیغام میں وزیر تعلیم نے کہا کہ نئی توانائی کے ساتھ بچوں کا تعلیمی سفر وہیں سے آگے بڑھے گا جہاں رکا تھا۔ تعطیلات کے باعث تعلیمی تعطل کا شکار ہونے والے بچوں کی تعلیم بحال کرنا ضروری ہے۔
رانا سکندر حیات نے بتایا کہ پنجاب بھر کے اسکولوں کے لیے پیر سے جمعہ تک نئے اوقات کار مقرر کیے گئے ہیں، جس کے تحت تعلیمی سرگرمیاں صبح 8 بجے سے دوپہر 1:30 بجے تک جاری رہیں گی۔
وزیر تعلیم کے مطابق آؤٹ آف اسکول بچوں کی تعداد میں اضافے کو روکنا ایک بڑا چیلنج ہے، جبکہ ہر بچے کو اسکول تک لانا حکومت اور معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔






