کراچی: کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) نے سرکاری گاڑیوں کے استعمال اور ایندھن سے متعلق عائد کفایت شعاری کی پابندیاں ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
کے ایم سی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق یکم ستمبر سے کارپوریشن کی تمام گاڑیوں کا استعمال معمول کے مطابق بحال کردیا جائے گا، جبکہ ایندھن کی بچت کے لیے عائد پابندیاں بھی ختم کردی گئی ہیں۔
فیصلے کے تحت کے ایم سی کی تقریباً 60 فیصد گاڑیوں کو گراؤنڈ رکھنے کا فیصلہ واپس لے لیا گیا ہے، جس کے بعد یہ سرکاری گاڑیاں دوبارہ معمول کے مطابق استعمال کی جاسکیں گی۔
ذرائع کے مطابق رواں سال مارچ میں ایندھن کے بحران کے باعث کے ایم سی کی 60 فیصد گاڑیاں گراؤنڈ کردی گئی تھیں، جبکہ گریڈ 17 اور اس سے اوپر کے افسران کے لیے سرکاری گاڑیوں کے استعمال پر بھی پابندیاں عائد کی گئی تھیں۔
نئی ہدایات کے بعد سرکاری گاڑیوں اور ایندھن کے استعمال سے متعلق مذکورہ پابندیاں ختم کردی گئی ہیں۔ پابندیاں ختم کرنے کا باضابطہ نوٹیفکیشن کے ایم سی کے فنانشل ایڈوائزر گلزار علی کے دستخط سے جاری کیا گیا ہے۔






